پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ

لاہور۔ (تحریک نیوز ڈیسک )پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج جمعہ کی شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی نے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے قذافی سٹیڈیم کے عملہ کو مزید ہدایت جاری کی۔میچ کے لئے سپورٹنگ وکٹ بنائی گئی ہے جو کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ سے بہتر وکٹ ہے ۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین جاری تین ٹی ٹونٹی سیریز کے اب تک دو میچز ہوچکے ہیں جن میں سے دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔پہلا ٹی ٹونٹی میچ پاکستان نے 20رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ورلڈ الیون نے 7 وکٹوں سے جیتا تھا جس کی وجہ سے تیسرا ٹی ٹونٹی میچ فائنل کا درجہ اختیار کرگیا ہے جو ٹیم بھی اسے جیتے گی وہ سیریز کی فاتح قرار پائے گی ۔دونوں ٹیمیں اس فیصلہ کن میچ کو جیتنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی،دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کے لئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بہت اہم ہے اور وہ سیریز کے فاتح کا فیصلہ کرے گا اسلئے اس کو جیتنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گے ۔ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کہہ دیا گیا ہے کہ وہ میدان میں 100فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کریںاورتینوں شعبوں میں بہترین پرفارمنس کامظاہرہ کریں جبکہ سائوتھ افریقن ٹیم کے کپتان فاف ڈویلسس کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے دوسرے میچ میںکم بیک کیا ہے اور تیسرے میچ میں مزید بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرکے اسے جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں مختلف ملکوں کے کھلاڑی شامل ہیں جنھیں آپس میں ہم آہنگی میں تھوڑا وقت لگاہے لیکن تیسرے ون ڈے میں ٹیم کی پرفارمنس میں مزید بہتری آئے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے مابین تیسرے میچ کو جیتنے کے لئے باقاعدہ میٹنگز ہوئیں جس میں ایک دوسرے کی ٹیم کی کمزوریوں اور خوبیوں کے بارے میں غو ر کرکے میچ پلان کو حتمی شکل دی گئی،دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں متوقع ہیں ۔پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ چانس دیا تھا لیکن تیسرے میچ میں پاکستان کو اپنے تجربہ کار اور بہترین کھلاڑی سلیکٹ کرنا پڑیں گے ۔فائنل میچ کے لئے سیکورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔قذافی سٹیڈیم ،اطراف اور روٹس پر 24ایس ایس پیز ،52ڈی ایس پیز ،114ایس ایچ او ز سمیت دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔پولیس ر سپانس یونٹ کی 50گاڑیاں اور 100سے زائدڈولفن سکواڈ بائکس پٹرولنگ کریں گے ۔300مقامات پر سنائپر چھتوں سے روٹ کی نگرانی کریں گے ۔فضا ء سے بھی نگرانی کی جائے گی جبکہ پنجاب سپورٹس بورڈ میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں سے قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد کی مانیٹرنگ جاری ہے ۔دونوں ٹیموں کو انتہائی سخت سیکورٹی میں ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم لایا جائے گا ۔شائقین کی سہولت کے لئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرف سے 25اے سی فری شٹل بسیں چلائی گئی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے وارڈنز کو بھی مستعدی سے ڈیوٹی دینے کے لئے کہا گیا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *