شائقین کیلئے خوشخبری آ گئی ورلڈ الیون ہاکی ٹیم پاکستان آئیگی، میچز کب اور کہاں ہونگے

پاکستان میں کرکٹ کے بعد اب ہاکی کا میدان سجے گا. پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم آئندہ ماہ 12 اور 14 جنوری کو پاکستان میں دو میچز کھیلے گی۔ ورلڈ الیون کی ٹیم ارجنٹینا، اسپین، نیدرلینڈ، آسٹریلیا اور بیلجیم سے تعلق رکھنے والے دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں پر مشتملہو گی اور 10 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق شہباز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون پاکستان آمد کے بعد اپنا پہلا میچ 12 جنوری کو کراچی میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 14 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ان کا مزید یہ کہنا ہے کہ اس موقع پر پاکستان اور دیگر ملکوں کے سابق عظیم کھلاڑیوں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہال آف فیم میں اعزاز سے نوازا جائے گا جبکہ اس دورے سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستانی ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے راضی کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

اس سے پہلے مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کیلئے انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کے دروازے بند ہو گئے تھے تاہم رواں سال ورلڈ الیون کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان میں کھیلوں کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *