ڈھیلے ڈھالے انداز میں مصافحہ کرنے والے افراد امراض قلب کا شکار ہوسکتے ہیں. اہم تحقیق سامنے آگئی.

کوئین میری یونیورسٹی آف لندن میں طبی تحقیق کے مصنف اسٹیفن پیٹرسن کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کی مضبوط گرفت صحت مند دل کی ساخت اور افعال سے منسلک ہوتی ہے۔ مصافحے کے دوران ہاتھ کی مضبوط گرفت دل کی بیماریوں کے شکار افراد کی شناخت کرنے کا اہم اور آسان طریقہ ہے۔ یہ طریقہ اختیار کرکے امراض قلب میں مبتلا افراد بھی ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا حملوں سے اپنی زندگیوں کی حفاظت کرسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مضبوطی سے ہاتھ ملانے والوں کے برعکس کمزور مصافحہ کرنے والے افراد میں دل کی بیماریاں بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ دوران مصافحہ مضبوط گرفت ظاہر کرتی ہے کہ ہاتھ ملانے والے شخص کا دل، خون کو درست طریقے سے پمپ کررہا ہے جب کہ کمزور گرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دل کی دھڑکن کی رفتار کم ہے جس کے باعث دوران خون کی رفتار بھی کم ہے اور ایسے شخص کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کی شرح کسی بھی دوسری بیماری سے زیادہ ہے۔ صرف برطانیہ میں ایک سال کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دل کی بیماریوں کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *