سرخ پیاز سرطانی رسولیوں اور چھاتی کے کینسر کوختم کرسکتے ہیں،کینیڈین طبی ماہرین

اوٹاوا۔ 14 جون (ویب ڈیسک) کینیڈا کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ سرخ پیاز سرطانی رسولیوں اور چھاتی کے کینسر کوختم کرسکتے ہیں۔کینیڈا کی یونیورسٹی آف گویلف کے ماہرعبدالمومن مورایان کا کہنا ہے کہ سرخ رنگت والی پیاز میں پایا جانے والا ایک فلیوونوئڈ کیورسیٹن کینسر کی رسولیوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔پیاز کو سرخ اور ارغوانی رنگ دینے والا جزو اینتھوسیاننس کہلاتا ہے یہ کیمیکل کینسر کے پھوڑوں کو مزید پھیلنے سے روکتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی پیاز کھائی جائے تو وہ بھی سرطان کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیاز کے اجزا سرطانی رسولی کا موزوں ماحول تباہ کرتے ہیں اور ان کے درمیان رابطوں کو ختم کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی افزائش رک جاتی ہے تاہم گہری رنگت والی عنابی اور سرخ پیاز میں اس کام کی صلاحیت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ماہرین کی جانب سے کی جانے والے جدید تحقیق کے دوران 5 مختلف اقسام کی پیازوں سے کیورسیٹن نکالا اور اس میں آنتوں اور معدے کے سرطانی خلیات براہِ راست رکھ دیئے گئے جس کے دوران سرخ رنگ والی پیاز سب سے موثر دیکھی گئی۔ ایک اور مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ پیاز چھاتی کے کینسر ختم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔ دوسری جانب برطانوی کینسر کی ماہرہ ڈاکٹر جسٹن ایلفورڈ کا کہنا ہے کہ اگر لیبارٹری میں پیاز کے اجزاء نے کینسر کے خلیات کو روکا ہے تو ضروری نہیں کہ عین وہی اثر جسم میں بھی ظاہر ہوکیونکہ انسانی جسم ہماری سوچ سے بھی زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے۔ ان کا مذید کہنا ہے کہ اگر ماہرین یہ پتا لگاسکیں کہ پیاز کے کونسے خاص مالیکیول سرطان کش ہیں تب ہی جاکر مستقبل میں کوئی دوا تیار کرسکیں گے اور اس کی افادیت ثابت ہوسکے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *